گٹکے کی تیاری اور خرید و فروخت پر پابندی سے متعلق درخواست کی سماعت میں سندھ ہائی کورٹ نے گٹکا بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف سزا سے متعلق قانون بنانے کے لیے صوبائی حکومت کو 10 دسمبر تک مہلت دے دی۔
گٹکے کی تیاری اور خریدوفروخت پر پابندی سے متعلق درخواست کی سماعت میں سیکریٹری صحت اور دیگر فریقین سندھ ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے گٹکا بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے اورسزا سے متعلق فوری قانون بنانے کا حکم دیا۔
سیکریٹری صحت نے عدالت کو بتایا کہ سندھ حکومت نے قانون بنانے کے لیے سمری بھیج دی ہے لہذا مہلت دی جائے۔
عدالت نے سزا سے متعلق قانون بنانے کےلیے سندھ حکومت کو 10 دسمبر تک مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔